مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی

IQNA

حیدرآباد:

مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی

19:28 - June 12, 2021
خبر کا کوڈ: 3509533
تہران (ایکنا) تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں 12 گھنٹے کی نرمی کے باوجود حکومت نے مساجد میں عبادت کی اجازت نہیں دی ۔ حکومت کے فیصلہ سے تاریخی مکہ مسجد میں آج نماز جمعہ کا اہتمام نہ ہوسکا۔

سیاست  نیوزکےمطابق تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں 12 گھنٹے کی نرمی کے باوجود حکومت نے مساجد میں عبادت کی اجازت نہیں دی ۔ حکومت کے فیصلہ سے تاریخی مکہ مسجد میں آج نماز جمعہ کا اہتمام نہیں کیا گیا ۔ پہلے لاک ڈاؤن میں محدود تعداد میں نمازوں کی اجازت تھی لیکن دوسرے لاک ڈاؤن میں حکومت نے تمام عبادت گاہوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاریخی مکہ مسجد کو صبح سے مقفل کرکے پولیس کو تعینات کردیا گیا تھا ۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث چارمینار کے اطراف تجارتی سرگرمیوں کیلئے ہجوم دیکھا گیا ۔ نماز جمعہ سے عین قبل لوگ مکہ مسجد پہنچے ، اس امید کے ساتھ کہ نماز جمعہ کا اہتمام کیا جائے گا لیکن وہاں موجود ملازمین پولیس نے بتایا کہ حکومت کے احکامات کے تحت نماز کی اجازت نہیں ہے۔ مسجد میں پنجوقتہ اذاں کا اہتمام کیا جارہا ہے ، تاہم باجماعت نماز کی سہولت نہیں ہے۔ نماز جمعہ کے وقت مسجد کے ملازمین نے انفرادی طور پر نماز ظہر ادا کرلی۔ شاہی مسجد باغِ عامہ میں نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا، اس کے علاوہ شہر کی دیگر مساجد میں محدود تعداد میں مصلیوں کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی ۔ کئی مساجد میں ائمہ کرام نے اعلان کیا کہ علماء کے فتوے کی تعمیل میں ہر شخص کو علیحدہ طورپر نماز ظہر ادا کرنی چاہئے۔ مساجد کے قریب پرانے شہر میں پولیس کے خصوصی انتظامات تھے اور کئی مساجد کی ویڈیو گرافی کی گئی تاکہ باقاعدہ جماعت کے اہتمام کو روکا جاسکے ۔ بازاروں میں ہجوم اور گہما گہمی کے باوجود مسلمان مساجد میں نمازوںکی ادائیگی سے محروم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن میں مزید نرمی اور 8 بجے سے کرفیو کے نفاذ کی صورت میں حکومت عبادت گاہوں کی کشادگی پر غور کرسکتی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ موجودہ نرمی میں مساجدمیں پنجوقتہ جماعت کا اہتمام ممکن نہیں ہے۔ لہذا لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں مزید اضافہ کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ اسی دوران دن کے کرفیو کی برخواستگی کا آج دوسرا دن تھا۔ جمعہ کے پیش نظر دوپہر تک کوئی خاص تجارتی سرگرمیاں نہیں دیکھی گئی اور سڑکوں پر ٹریفک بھی دوپہر تک کم رہی ۔ دوپہر کے بعد شہر کے تمام بڑے مارکٹس اور بازاروں میں ہجوم دیکھا گیا ۔ تاجروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ نرمی کے اوقات کو 6 بجے سے بڑھاکر رات 9 بجے تک توسیع دی جائے تاکہ معمول کے کاروبار بحال ہوسکیں۔

 

نظرات بینندگان
captcha