پاکستان: ماہ رمضان کے دوران پھانسیاں نہ دینے کا اعلان

IQNA

پاکستان: ماہ رمضان کے دوران پھانسیاں نہ دینے کا اعلان

8:36 - June 14, 2015
خبر کا کوڈ: 3313931
بین الاقوامی گروپ: وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران پھانسی کی سزاﺅں پر عملدرآمد کو ایک ماہ کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

ایکنانیوز- ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں صوبائی حکومتوں کو اس حکم پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ سال سولہ دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں طالبان حملے میں ڈیڑھ سو کے لگ بھگ طالبعلموں اور اساتذہ کی ہلاکت کے بعد 17 دسمبر کو دہشتگردوں کے لیے سزائے موت پر عائد غیر اعلانیہ پابندی کو اٹھا لیا تھا۔

بعد میں سزائے موت کے دیگر قیدیوں تک بھی اس فیصلے کی توسیع کردی تھی۔

اب تک گزشتہ چھ ماہ کے دوران 158 پھانسیاں دی جاچکی ہیں مگر ان میں سے صرف 20 فیصد ہی دہشتگرد تھے۔

انسٹیٹوٹ آف پالیسی اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر عامر رانا کے مطابق درست آفیشل اعدادوشمار دستیاب نہیں مگر فرقہ وارانہ ہلاکتوں یا حکومتی ادارون اور اہلکاروں پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کو پھانسی پر لٹکائے جانے کی تعداد کافی کم یعنی 26 فیصد ہے۔ ان میں سے کسی ایک کو بھی گزشتہ تین ماہ کے دوران تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا " اس کم تعداد کی وجہ دہشتگردوں یا ان کے حامیوں کو دی جانے والی سزاﺅں کی کم شرح ہے"۔

1022515

نظرات بینندگان
captcha