روس سے لڑنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا گیا لیکن ہم ڈرنے والے نہیں: یوکرینی صدر

IQNA

امریکی پر اعتماد کا نتیجہ؛

روس سے لڑنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا گیا لیکن ہم ڈرنے والے نہیں: یوکرینی صدر

8:26 - February 25, 2022
خبر کا کوڈ: 3511374
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکہ اور مغرب کا نام لیے بغیر شکوہ کیا ہے کہ روس سے لڑنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔

ایکنا نیوز کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ روس کے ساتھ پہلے روز کی لڑائی میں 137 افراد ہلاک ہوئے۔

ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یورپ کے 27 رہنماؤں سے پوچھا یوکرین نیٹو میں شامل ہو گا؟ ہر کوئی ڈرتا ہے اور جواب نہیں دیتا لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔

صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس سے لڑنے کے لیے یوکرین کو تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج کے قبضے سے کیف ائیرپورٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔

شہر خارکیف میں الجزیرہ ٹی وی چینل کے رپورٹر نے اس شہر کی مقامی پارلیمنٹ کی عمارت پر روسی پرچم لہرائے جانے کی خبر دی ہے۔ اس سے قبل الجزیرہ ٹی وی چینل نے رپورٹ دی تھی کہ کی ایف اور خار کیف میں فوجی ٹھکانوں پر میزائل حملے ہوئے ہیں۔
 
دریں اثنا روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوجی  ڈونباس کے علاقے سے  ہتھار چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ روس کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو کی فوجی کارروائی سے یوکرین کے عام شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور شہروں پر حملے نہیں کئے جا رہے ہیں۔
 
ڈونیسک کے صدر نے بھی اعلان کیا ہے کہ ڈونباس میں یوکرینی فوجی ہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔
 
اس درمیان روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی اور تنازعے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس یوکرین کی درخواست پر بلایا گیا ہے، تین روز کے دوران سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ہنگامی اجلاس ہے۔
نظرات بینندگان
captcha